نئی دہلی، 6 /اکتوبر(آئی این ایس انڈیا/ایس او نیوز)کنٹرول لائن کے پار فوج کے سرجیکل اسٹرائیک کو لے کر بی جے پی اور آپ کے درمیان زبانی جنگ آج مزید تیز ہو گئی اور اروند کیجریوال کی قیادت والی عام آدمی پارٹی نے الزام لگایا کہ وزیر دفاع منوہر پاریکر مسلح افواج کی ساکھ کو کم کر رہے ہیں۔اس کے ساتھ ہی پارٹی نے ان کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرانے کی دھمکی بھی دی۔دہلی کے وزیر سیاحت کپل مشرا نے پاریکر کو مغل حکمران ’شاہ رنگیلا‘بتایا جن کے بارے میں دعوی کیا جاتا ہے کہ وہ اپنی سلطنت پر توجہ دینے کے بجائے سیرو تفریح میں ملوث رہتا تھا۔مشرا نے دعوی کیا کہ جب ملک بھر میں ہائی الرٹ ہے، وزیر دفاع شہید فوجیوں کے لاشوں پر جشن منانے میں مصروف ہیں۔انہوں نے فوج کاموازنہ ہنومان سے کئے جانے کے پاریکر کے بیان کو لے کر بھی ان پر نشانہ لگایا۔قابل ذکرہے کہ پاریکر نے یکم اکتوبر کو دہرادون میں ایک پروگرام میں رامائن کا ذکر کیا تھا جس میں ہنومان کو ان کی طاقت کی یاد دلانے پر وہ ایک بار میں ہی سمندر کو پار کر جاتے ہیں۔آپ کے سینئر لیڈر سنجے سنگھ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ایسا بیان دے کر پاریکر فوج کی توہین کر رہے ہیں جس نے بار بار اپنے کو ثابت کیا ہے اور 1948، 1965، 1971اور کارگل جنگ میں قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔آپ نے کہا کہ اس معاملے میں وہ پاریکر کے خلاف شکایت درج کرانے کے لیے پولیس سے رابطہ کرے گی۔آپ نے یہ الزام بھی لگایا کہ بی جے پی سرجیکل حملے کو لے کر سیاست کر رہی ہے اور اس قسم کی فوجی کارروائی پہلی بار نہیں ہوئی تھی جیسا بھگوا پارٹی دعوی کررہی ہے۔سنجے سنگھ نے کہاکہ بی جے پی کے جی وی ایل نرسنگھ راؤ نے کہا کہ پہلی بار فوج کو ان کی صلاحیت کا اندازہ ہوا ہے۔اس طرح کا بیان دے کر، ہم فوج اور اس قربانیوں کو کمتر کرہے ہیں۔ایسے بیان شرمناک ہیں نیز پاریکر اور راؤ دونوں کو مسلح افواج سے معافی مانگنی چاہیے۔سنگھ نے کہا کہ گزشتہ 15/سالوں میں 9 بار سرجیکل حملے کئے گئے ہیں۔مشرا نے کہا کہ کیا پاریکر بھول گئے ہیں کہ فوج کو 21پرم ویر چکر اور 63اشوک چکر سے نوازا گیا ہے۔مشرا نے اپنے بلاگ پوسٹ میں کہاکہ آپ کو فوج کی صلاحیت کی معلومات نہیں ہے، یہی وجہ ہے کہ بی جے پی نے محبوبہ مفتی کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے۔
سرجیکل اسٹرائیک پر تبصرہ کو لے کر کجریوال، گہلوت، سنجے نروپم اور اوم پوری کے خلاف شکایت درج
جے پور، 6 /اکتوبر(آئی این ایس انڈیا؍ایس او نیوز) دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال، راجستھان کے سابق وزیر اعلی اشوک گہلوت، ممبر پارلیمنٹ سنجے نروپم اور فلم اداکار اوم پوری کی طرف سے سرجیکل اسٹرائیک کو لے کر کئے گئے مبینہ تبصرہ کو لے کر آج جے پور کے جھوٹ واڈا تھانے میں شکایت درج کرائی گئی ہے۔جھوٹ و اڈا تھاناکے انچارج گرو بھو پیندر سنگھ کے مطابق’جن سمسیانوارن منچ‘کے ریاستی صدر سورج سونی نے ایک شکایت پیش کر کے کہا ہے کہ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال، راجستھان کے سابق وزیر اعلی اشوک گہلوت، کانگریس لیڈر سنجے نروپم اور فلم اداکار اوم پوری نے سرجیکل حملے پر تبصرہ کرکے ہم وطنوں کے عوامی جذبات کو مجروح کیا ہے اور ملک کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کا کام کیا ہے۔شکایت میں چاروں لوگوں پر مقدمہ درج کر کے کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔سنگھ نے بتایا کہ شکایت کچھ وقت پہلے ہی ملی ہے۔شکایت میں دئیے گئے حقائق کی جانچ کی جارہی ہے۔فی الحال اس سلسلہ میں مقدمہ درج نہیں کیا گیا ہے۔غور طلب ہے کہ اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (اے بی وی پی)کے کارکن شنکر گورا نے کل جے پور کے گاندھی نگر تھانے میں شکایت پیش کرکے فلم اداکار اوم پوری کی طرف سے شہید فوجیوں کو لے کر کئے گئے مبینہ تبصرہ کے خلاف ملک سے بغاوت کا مقدمہ درج کرکے کارروائی کرنے کامطالبہ کیا تھا۔